پاکستان فٹبال ٹیم کو افتتاحی فیفا آسیان کپ میں شرکت کی دعوت
پاکستان فٹبال کے لیے ایک اہم پیش رفت ہوئی ہے، قومی ٹیم کو فیفا کے افتتاحی آسیان کپ میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق فیفا کی جانب سے باضابطہ دعوت ملنے کے بعد پاکستان فٹبال فیڈریشن نے قومی ٹیم کی شرکت کی تصدیق کر دی ہے۔
افتتاحی فیفا آسیان کپ 21 ستمبر سے 6 اکتوبر تک انڈونیشیا میں منعقد ہوگا۔ پاکستان کو ڈویژن ون میں بھارت، میزبان انڈونیشیا، ملائشیا، فلپائن، سنگاپور اور تھائی لینڈ جیسی ٹیموں کا سامنا ہوگا۔ یہ ٹورنامنٹ پاکستان فٹبال کے لیے خاص اہمیت رکھتا ہے کیونکہ قومی ٹیم پہلی بار فیفا کے کسی ایسے ایونٹ میں شرکت کرے گی جو ورلڈ کپ یا ایشین کوالیفائرز سے ہٹ کر ہوگا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کو اس ایونٹ میں شامل کیے جانے میں پی ایف ایف صدر محسن گیلانی کے فیفا حکام کے ساتھ بہتر تعلقات اور سفارتی روابط نے اہم کردار ادا کیا۔ ماہرین کے مطابق اس ٹورنامنٹ میں شرکت پاکستان فٹبال کے لیے عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کے اظہار اور بین الاقوامی تجربہ حاصل کرنے کا ایک سنہری موقع ثابت ہو سکتی ہے۔
