میکسیکو ناک آؤٹ مرحلے میں پہنچنے والی پہلی ٹیم، جوناتھن ڈیوڈ کی ہیٹ ٹرک
فیفا ورلڈکپ 2026 میں میزبان میکسیکو نے ناک آؤٹ مرحلے میں جگہ پکی کرلی اور یہ اعزاز حاصل کرنے والی ٹورنامنٹ کی پہلی ٹیم بن گئی۔
میکسیکو اور جنوبی کوریا کا میچ گواڈالاجارہ میں کھیلا گیا جہاں میزبان ٹیم نے اپنے مدمقابل کو ایک صفر سے شکست دی۔ میچ کا واحد گول لوئس رومو نے اسکور کیا۔ میکسیکو اس سے پہلے افتتاحی میچ میں جنوبی افریقا کو دو صفر سے ہرا چکی تھی، یوں گروپ مرحلے میں مسلسل دو فتوحات کے ساتھ اگلے دور کا ٹکٹ کٹالیا۔
دوسری جانب کینیڈا نے قطر کو 6 صفر سے روند کر عالمی کپ کی تاریخ میں اپنی پہلی کامیابی ریکارڈ کی۔ اسی میچ میں کینیڈا کے فارورڈ جوناتھن ڈیوڈ نے ہیٹ ٹرک اسکور کرکے ورلڈکپ 2026 کی دوسری ہیٹ ٹرک کا اعزاز اپنے نام کیا۔ ٹورنامنٹ میں اس سے پہلے ارجنٹینا کے لائنل میسی پہلی ہیٹ ٹرک اسکور کرچکے ہیں۔
ایک اور مقابلے میں سوئٹزرلینڈ نے بوسنیا کو 4-1 سے شکست دی۔
