پاکستان اسٹاک ایکسچینج (PSX) میں بدھ کے روز زبردست تیزی دیکھنے میں آئی جہاں بینچ مارک KSE-100 انڈیکس تاریخ میں پہلی مرتبہ 175,000 پوائنٹس کی سطح عبور کر گیا۔ کاروبار کے دوران انڈیکس میں 700 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور انڈیکس 175,181 پوائنٹس کی بلند ترین سطح تک پہنچ گیا۔
مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز مثبت انداز میں ہوا، جس کے دوران سرمایہ کاروں کی جانب سے مختلف شعبوں میں حصص کی بھرپور خریداری دیکھنے میں آئی۔ بینکنگ، توانائی، سیمنٹ اور آٹو موبائل سیکٹرز میں نمایاں سرگرمی رہی جس نے مارکیٹ کو نئی بلندیوں تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔
واضح رہے کہ رواں ہفتے کے ابتدائی دو روز بھی مارکیٹ میں تیزی کا رجحان برقرار رہا تھا جبکہ گزشتہ روز انڈیکس نے 174,000 پوائنٹس کی نفسیاتی حد عبور کی تھی۔
تیزی کی وجوہات کیا ہیں؟
ماہرین کے مطابق پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں حالیہ تیزی کے پیچھے مجموعی معاشی صورتحال میں بہتری، سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ اور مثبت حکومتی اقدامات شامل ہیں۔
معروف تجزیہ کار جبران سرفراز نے بی بی سی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ مارکیٹ میں تیزی کی ایک بڑی وجہ رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں جی ڈی پی گروتھ میں نمایاں اضافہ ہے جو معیشت کی بحالی کی عکاسی کرتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آئی اے کی نجکاری (Privatization) سے پیدا ہونے والا مثبت اثر تاحال مارکیٹ میں موجود ہے، جبکہ حالیہ دنوں میں اسٹاک ایکسچینج میں نئی کمپنیوں کی لسٹنگ نے بھی سرمایہ کاروں کی دلچسپی میں اضافہ کیا ہے۔
ماہرین کے مطابق اگر معاشی استحکام اور پالیسیوں کا تسلسل برقرار رہا تو آئندہ دنوں میں مارکیٹ میں مزید تیزی کا امکان موجود ہے۔
