خفیہ طور پر آتش بازی کا سامان تیار کیا جا رہا تھا، پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کر دیں
شیخوپورہ کے علاقے شرقپور شریف میں آتش بازی کا سامان تیار کرنے والے ایک گھر میں دھماکے کا واقعہ پیش آیا جس پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بلال ظفر شیخ نے فوری نوٹس لے لیا۔
پولیس کے مطابق واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنے کا عمل شروع کر دیا گیا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق گھر کے اندر خفیہ طور پر آتش بازی کا سامان تیار کیا جا رہا تھا۔
ڈی پی او بلال ظفر شیخ کا کہنا ہے کہ ملزمان اس سے قبل بھی تھانہ شرقپور میں آتش بازی کا سامان تیار کرنے کے الزام میں مقدمے کا سامنا کر چکے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ واقعے کے ذمہ داران کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی جبکہ پولیس اس معاملے کی ہر پہلو سے مکمل انکوائری کر رہی ہے۔