جہیز کی مانگ پر اموات: کنگنا رناوت نے شادی سے پہلے لڑکیوں کو کیا کرنے کا مشورہ دیا؟
بھارت میں جہیز کے نام پر نئی نویلی دلہنوں کو ہراساں کرنے اور انہیں موت تک پہنچانے کے واقعات ایک بار پھر زیرِ بحث ہیں۔ اسی تناظر میں بالی وڈ اداکارہ اور سیاسی رہنما کنگنا رناوت نے نوجوان خواتین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ شادی سے پہلے خود کفیل بنیں اور اپنا کیرئیر مستحکم کریں۔
کنگنا نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں لکھا کہ ہر روز ایسی خبریں آتی ہیں جن میں شادی شدہ نوجوان خواتین کسی نہ کسی سانحے کا شکار ہوتی ہیں۔ ان میں سے کئی پڑھی لکھی لڑکیاں اپنے والدین سے التجا کرتی ہیں کہ انہیں گھٹن بھرے ماحول سے نکالیں، مگر بھارتی معاشرے میں اکثر بیٹیوں کو شادی کے بعد ان کے حال پر چھوڑ دیا جاتا ہے۔
اداکارہ نے لکھا کہ جو بات سوشل میڈیا، فیشن، میک اپ یا ویڈنگ انڈسٹری کوئی نہیں بتاتی، وہ یہ ہے کہ آپ کا کیرئیر زندگی میں کسی بھی انسان سے زیادہ اہم ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ خود مختار ہونے کے بعد ہی شادی کے بارے میں سوچیں اور کسی کو اپنا ہیرو نہ سمجھیں — یہ کردار خود ادا کریں۔
یہ بیان نوئیڈا کی 33 سالہ اداکارہ تویشا شرما کی موت کے بعد سامنے آیا ہے، جو اس ماہ 12 تاریخ کو بھوپال میں اپنے شوہر کے گھر مردہ پائی گئی تھیں۔ تویشا کے والدین کے بیان پر پولیس نے ان کے شوہر وکیل سمرتھ سنگھ اور ساس گری بالا سنگھ کے خلاف جہیز کی بنیاد پر ہراسانی اور خودکشی پر اکسانے کا مقدمہ درج کیا ہے۔
کنگنا کا یہ پیغام بھارت میں خواتین کے حقوق اور جہیز جیسے پرانے مگر سنگین مسئلے پر بحث کو ایک بار پھر تازہ کر گیا ہے۔
