وزیر خزانہ کا سپر ٹیکس کے مکمل خاتمے کا عندیہ، سینیٹ کمیٹی میں اظہار
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت سپر ٹیکس کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے اور ہر سال اس سمت میں مزید کوششیں کی جائیں گی۔ اس کا اظہار انہوں نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس کے دوران کیا۔
اجلاس کے دوران وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت کی سمت بالکل واضح ہے، سپر ٹیکس کو ختم کرنا ہی ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے مرحلہ وار اقدامات جاری رہیں گے۔ کمیٹی اجلاس میں سینیٹر عبدالقادر نے تجویز دی کہ سپر ٹیکس میں استثنا کی موجودہ حد 50 کروڑ روپے سے بڑھا کر ایک ارب روپے کر دی جائے۔ اس تجویز پر چیئرمین ایف بی آر نے بتایا کہ حد کو ایک ارب روپے تک لانے کے لیے حکومت کو 250 ارب روپے کے نئے ٹیکس اقدامات کرنا ہوں گے۔
کمیٹی اراکین نے تجویز پر مزید غور کی ضرورت پر زور دیا، جس کے بعد معاملہ آئندہ نشست کے لیے موخر کر دیا گیا۔ کاروباری شعبے کی جانب سے سپر ٹیکس کے خاتمے کا مطالبہ عرصے سے کیا جا رہا تھا، اور حکومت کا یہ بیان اس سلسلے میں ایک اہم پیشرفت سمجھا جا رہا ہے۔
