آزاد جموں و کشمیر: میرپور عام انتخابات 2026 کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد
پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل کی زیر صدارت عام انتخابات 2026 کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں سیکرٹری الیکشن کمیشن راجہ محمد شکیل خان، ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران میرپور جہانگیر احمد جرال، کوٹلی محمد ادریس بھٹی اور بھمبر حافظ سردار محمد اکرم خان نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ ریٹرننگ افسران، کمشنر میرپور ڈویژن راجہ طاہر ممتاز خان، ڈی آئی جی پولیس کامران علی اور ڈویژنل و ضلعی انتظامیہ کے دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔
اجلاس میں ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران نے اپنے اپنے اضلاع میں انتخابی انتظامات سے متعلق بریفنگ دی۔ کمشنر میرپور ڈویژن اور ڈی آئی جی پولیس نے انتظامی اور سکیورٹی انتظامات پر تفصیلی رپورٹ پیش کی۔
چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انتخابی انتظامات اور سکیورٹی اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام اداروں کا بنیادی مقصد صاف، شفاف، غیر جانبدارانہ اور پرامن انتخابات کا انعقاد یقینی بنانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ قوم کا جوڈیشری، انتظامیہ اور سکیورٹی اداروں پر اعتماد ہے، اس لیے تمام متعلقہ ادارے باہمی رابطے اور تعاون کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں نبھائیں۔
