معروف بھارتی اداکار نانا پاٹیکر 75 برس کی عمر میں انتقال کر گئے
معروف بھارتی اداکار اور فلم ساز نانا پاٹیکر 75 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق انہیں جمعرات کی صبح گوا میں اپنی رہائش گاہ پر بے ہوشی کی حالت میں پایا گیا۔ انہیں فوری طور پر قریبی منی پال اسپتال لے جایا گیا۔ اسپتال حکام کا کہنا ہے کہ ڈاکٹرز نے تقریباً 45 منٹ تک مسلسل سی پی آر کیا، مگر وہ جانبر نہ ہوسکے اور انہیں صبح 5 بج کر 20 منٹ پر مردہ قرار دے دیا گیا۔
منی پال اسپتال کے سینئر ڈاکٹر شیکھر سالکر نے بتایا کہ نانا پاٹیکر کو جب اسپتال لایا گیا تو وہ پہلے ہی دم توڑ چکے تھے۔ بعد میں ان کی میت پوسٹ مارٹم کے لیے گوا میڈیکل کالج منتقل کر دی گئی۔
ڈاکٹر کے مطابق اداکار کے کیئر ٹیکر نے تقریباً 4 بج کر 18 سے 20 منٹ کے درمیان اسپتال سے ایمبولینس منگوائی اور ان کے فلیٹ پہنچا۔ طبی ٹیم وہاں پہنچی تو نانا پاٹیکر زمین پر بے ہوش پڑے تھے۔ ٹیم نے موقع پر ہی سی پی آر شروع کیا اور اسی دوران انہیں اسپتال منتقل کیا گیا۔ تقریباً 10 منٹ میں اسپتال پہنچنے کے بعد بھی سی پی آر جاری رہا، لیکن ان کی حالت میں کوئی بہتری نہیں آئی۔
ڈاکٹر کا کہنا تھا کہ ایسا لگتا ہے کہ اسپتال لانے سے پہلے ہی ان کی موت واقع ہو چکی تھی۔ موت کارڈیک اریسٹ سے ہوئی، تاہم اس کی اصل وجہ ابھی معلوم نہیں ہوسکی۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ نانا پاٹیکر دل کے مریض تھے اور ان کا علاج ادویات کے ذریعے جاری تھا۔
رپورٹس کے مطابق اس واقعے پر میڈیکو لیگل کیس درج کیا گیا ہے، جبکہ موت کی حتمی وجہ جاننے کے لیے پوسٹ مارٹم کیا جائے گا۔
نانا پاٹیکر کی فنی زندگی
نانا پاٹیکر ہندی اور مراٹھی فلم انڈسٹری کے بااثر اداکاروں میں شمار ہوتے تھے۔ ان کا فنی سفر کئی دہائیوں پر پھیلا ہوا تھا اور وہ اپنی منفرد اداکاری، پُراثر مکالموں اور مختلف نوعیت کے کرداروں کی وجہ سے پہچانے جاتے تھے۔ انہوں نے پرندا، پراہار، کرانتی ویر، ترنگا، خاموشی اور ویلکم سمیت متعدد مقبول فلموں میں کام کیا۔ مراٹھی سنیما میں بھی ان کا مقام نمایاں رہا، اور فلم نٹ سمراٹ میں ان کے کردار کو خاص طور پر سراہا گیا۔
سیاسی اور فنکار حلقوں کا ردعمل
ان کے انتقال کی خبر سامنے آتے ہی پورے بھارت میں سوگ کی فضا چھا گئی۔
بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے ایکس پر لکھا کہ بہت کم اداکاروں میں نانا پاٹیکر جیسی شدت، انفرادیت اور یادگار شخصیت دیکھنے کو ملتی ہے۔ ان کے مطابق انہوں نے ہر کردار میں غیر معمولی صلاحیت دکھائی اور ایسے کردار ادا کیے جو آنے والی نسلوں کو یاد رہیں گے۔ مودی نے یہ بھی کہا کہ نانا پاٹیکر اپنے بے باک اور دوٹوک خیالات کی وجہ سے قدر کی نگاہ سے دیکھے جاتے تھے اور اپنے نظریات کے اظہار میں کبھی نہیں ہچکچاتے تھے۔ انہوں نے ہندی اور مراٹھی سنیما کے لیے ان کی خدمات کو بے مثال قرار دیا اور اہلِ خانہ، دوستوں اور مداحوں سے تعزیت کی۔
بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ نے کہا کہ نانا پاٹیکر کا انتقال فن کی دنیا کے لیے ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔ ان کے بقول پانچ دہائیوں سے زائد کے فلمی سفر میں انہوں نے فطری اداکاری اور پُراثر مکالموں سے ناظرین کے دلوں پر گہرا نقش چھوڑا۔ امیت شاہ نے "نام فاؤنڈیشن” کے ذریعے خشک سالی سے متاثرہ کسان خاندانوں کی مدد اور سرحد پر فوجی جوانوں کا حوصلہ بڑھانے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ شہرت کے باوجود وہ اپنی جڑوں سے جڑے رہے۔ ان کے مطابق جب بھی ملاقات ہوئی، نانا پاٹیکر کی سادگی اور صاف گوئی نے گہرا اثر چھوڑا۔
اداکار ریتیش دیش مکھ نے ایکس پر گہرے صدمے کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ یہ خبر سن کر ایسا لگا جیسے کسی ٹرک نے ٹکر مار دی ہو۔ انہوں نے نانا پاٹیکر کو بے مثال اداکار قرار دیا اور کہا کہ کوئی ایسا کردار نہیں تھا جو وہ ادا نہ کرسکتے ہوں۔
اکشے کمار نے بھی ایکس پر اپنے رنج کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ نانا پاٹیکر ان نایاب اداکاروں میں سے تھے جنہیں ناظرین کی توجہ کھینچنے کے لیے زیادہ کچھ کرنے کی ضرورت نہیں پڑتی تھی۔ ان کی آواز، شدت اور ہر کردار میں جھلکتی سچائی انہیں سب سے الگ بناتی تھی۔ اکشے نے بتایا کہ انہیں ویلکم اور حال ہی میں ہاؤس فل 5 میں نانا پاٹیکر کے ساتھ کام کا موقع ملا، اور ان فلموں کے سیٹ کی یادیں ہمیشہ ان کے دل کے قریب رہیں گی۔
اداکار سیاجی شندے نے کہا کہ انہیں سمجھ نہیں آ رہا کہ کیا کہیں۔ ان کے مطابق انہیں انتقال کی اطلاع صبح تقریباً 7 بجے ملی، جب وہ کڈال میں شوٹنگ کر رہے تھے۔ انہیں خبر کی صداقت پر یقین نہیں آیا، اس لیے وہ فوراً گوا روانہ ہوگئے۔ سیاجی شندے نے کہا کہ یہ ان کے لیے بہت بڑا صدمہ ہے اور فی الحال وہ مزید کچھ کہنے کی حالت میں نہیں۔
